روم،20جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اطالوی علاقے پینے کے ہوٹل ریگو پیانو پر گرنے والے برفانی تودوں تلے دبے افراد کی تلاش آج جمعے کے روز بھی جاری ہے۔ تین منزلہ ہوٹل پر گرنے والی برف تلے کم از کم پچیس افراد زندہ دب کر رہ گئے ہیں۔ ان میں کچھ بچے بھی شامل ہیں۔ ہوٹل پر برفانی تودے بدھ، اٹھارہ جنوری کی سہ پہر میں گرے تھے۔ کل جمعرات انیس جنوری کی رات گئے تک لاپتہ افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا گیا تھا۔ اٹلی کے نائب وزیر داخلہ فیلیپو بُوبیکو کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ برف تلے دبے افرد ابھی بھی زندہ ہوں گے۔ فائرفائٹرز اور کوہستانی امدادی ورکروں کے ساتھ اطالوی فوج بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی ہے۔ اس آپریشن کو وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری سے مشکلات کا سامنا ہے۔